بورے والا(نامہ نگار)گیس چوری اور لائن لاسزکو پورا کرنے کیلئے گیس کے پریشر میں 70 فیصد تک کمی کر دی، بورے والا،ماچھیوال اور گگومنڈی کو گیس کی سپلائی منقطع ہو گئی،شہریوں کا محکمہ سوئی گیس کے خلاف شدید احتجاج اور اعلیٰ افسران سے اصلاح و احوال کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق گیس پریشر 70 فیصد تک کم کر دیا ہے محکمہ سوئی گیس کی طرف سے گیس پائپ میں پریشر 28 پونڈ سے کم کر کے 7 پونڈ کر دینے کی وجہ سے شہر کے زیادہ تر حصوں میں گیس کی سپلائی مکمل طور پر منقطع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ خصوصاً خواتین کو کھانا پکانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے شہر بھر کی تمام سیاسی و سماجی تنظیموں سمیت نمائندہ شہریوں بائو جاوید،ریاض گجر،رانا محمد اجمل،اشتیاق احمد بھٹی،میاں مقصور آرائیں،ملک محمد جمیل،عبدالرئوف چوہدری اور سید زاہد حسین مشہدی نے محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ افسران سے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے گیس پریشر بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ محکمہ سوئی گیس کے آفیسر نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ یہ محکمہ کا ٹیکنیکل مسئلہ ہے جو ایک دو دن میں حل کر دیا جائیگا اور پریشر میں اضافہ ہو جائے گا۔