دینہ (نامہ نگار) دینہ کی رہائشی فیملی حادثے کا شکار، کھڑی شریف نہر میں 15سالہ بیٹے کو ڈوبنے سے بچاتے ہو ئے باپ بھی ڈوب کر جاںبحق ہو گیا۔ دونوں باپ بیٹا کے ڈوبنے کے بعد فیملی میں چیخ و پکار مچ گئی۔ چند گھنٹے بعد والد کو زندہ نکال لیا گیا۔ مگر ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ غوطہ خوروں کی مدد سے بیٹے کی نعش کو 20 گھنٹے بعد نکال لیا گیا۔ دونوں کی میتیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ پو رے علاقے میں سوگ کا عالم، ہر آنکھ اشکبار تھی۔ تفصیلات کے مطابق دینہ نو ر محلہ کی رہائشی فیملی محمد ساجد عمر 45سال اپنی فیملی کے ہمراہ سیرو تفریح کے لئے منگلا نکی کے مقام پر گئے ہوئے تھے۔ جہاں محمد ساجد کا 15سالہ بیٹا محمد اویس نہر میں پاؤں پھسلنے کی وجہ سے گر گیا۔ بیٹے کو ڈوبتے ہو ئے دیکھ کر باپ بھی کود گیا۔ چند گھنٹے بعد 45سالہ ساجد کو نکال لیا گیا اور تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ غوطہ خوروں کی مدد سے 20گھنٹے بعد 15سالہ اویس کی نعش نکال لی گئی۔ حادثے کے بعد والدہ غم سے نڈھال ہو گئی۔ 3 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔