کراچی(نعیم اختر) سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما ایم پی اے سردار ممتاز جکھرانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی پارٹی ہے جو لوگوں کے دلوں میں بستی ہے چاروں صوبوں‘ گلگت‘ بلتستان‘ آزاد کشمیر سمیت پورے پاکستان میں پیپلز پارٹی کی جڑیں انتہائی مضبوط ہیں پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے معروف سماجی و سیاسی رہنما ڈاکٹر لیاقت مغل سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر جیکب آباد کی تعمیر وترقی‘ خوشحالی‘ عوامی بہبود کے منصوبوں سمیت آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر لیاقت مغل نے شہر کی تعمیر و ترقی میں جکھرانی برادری کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ جیکب آباد سیاسی لحاظ سے ملک کا زرخیز علاقہ ہے۔ جیکب آباد نے سیاسی سماجی‘ مذہبی لحاظ سے ملک کو بڑے بڑے نام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ماضی میں جن سے 40 سالہ سیاسی وابستگی رہی ان کی کارکردگی سے مایوس ہوکر وہ اپنا سیاسی پلیٹ فارم تبدیل کرنے پر مجبور ہوئے ان سے الگ ہونا بڑا مشکل عمل تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا۔ اس موقع پر سردار ممتاز جکھرانی اور ڈاکٹر لیاقت مغل نے باہمی مشاورت سے آئندہ کے سیاسی لائحہ پر اتفاق کا اظہار کیا۔ ممتاز جکھرانی نے ڈاکٹر لیاقت مغل کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ڈاکٹر لیاقت نے سیاسی پلیٹ فارم تبدیل کرکے اچھا فیصلہ کیا ہے۔ماضی میں وہ جن کے ساتھ رہے انہوں نے ان کی سیاسی بصیرت سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ کسی کے ساتھ40 برس ساتھ رہنے کے بعد انہیں چھوڑنے کا فیصلہ بڑا مشکل ہوتا ہے۔