کراچی (نیوزرپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کل سے کرونا پابندیاں نرم، اگر کرونا کی صورت حال بہتر ہوئی تو اسکول کھول دیں گے‘ صوبے میں 9 اگست سے پابندیوں میں نرمی کی جائے گی تاہم چند پابندیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کرونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کی موبائل سم بند کرانے کا فیصلہ گیم چینجر ثابت ہوا ‘ کراچی شہر میں ایک دن میں ایک لاکھ 60 ہزار لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ عوام کی حمایت سے 18 سال یا اس سے بڑی عمر کے تمام عوام کو ویکسین لگانے کا ہم اپنے ہدف کو پورا کرلیں گے۔کراچی میں کورونا ویکسینیشن ڈرائیو تھرو سینٹر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں تو ضرور آئیں مگر وہ ماسک پہن کر آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو جنگ جاری ہے وہ سیاسی نہیں بلکہ صحت سے متعلق ہے، ہم سب کو مل کر شہریوں کو ایک پیغام دینا چاہیے کہ ماسک پہنیں اور ویکسین لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے ہر ضلع میں ڈرائیو تھرو ویکسینیشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'سندھ حکومت نے جب لاک ڈاؤن کا سخت فیصلہ کیا تھا تو کہا تھا کہ 9 اگست کو صورتحال کو دیکھتے ہوئے پابندیوں کو ختم کرنے کی جانب جائیں گے'۔ انہوں نے کہا کہ 'کراچی اور حیدرآباد میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ختم ہوگیا ہے اور اب ہمارا ہدف ہے کہ ان کیسز کی تعداد میں کمی لائیں'۔ مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت 9 اگست سے پابندیوں میں نرمی کرے گی تاہم پابندیوں کو برقرار رکھا جائے گا'۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مخالفت پر یقین نہیں رکھتا کام پر یقین رکھتا ہوں، لوگوں کی مدد کے ساتھ شہر میں مثبت تعمیری تبدیلی لانے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہی ایڈمنسٹریٹر کراچی لگا ہوں، فوری طور پر چیزیں صحیح نہیں کرسکتا۔ عیدالاضحی کے بعد سے کراچی میں پیٹ کی بیماریوں کے پھیلائو کے حوالے سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ روز کے ایم سی کے حوالے سے اپنے پہلے اجلاس میں ہدایت دی ہے کہ فیومگیشن کو یقینی بنائے جائے۔