حضرو+ کامرہ کینٹ(نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت)وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ضلع اٹک میں 7اگست کو 7لاکھ پودے لگائے گئے۔ اس ضمن میں تمام سرکاری نیم سرکاری اور نجی اداروں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ پاکستان بھر میں 10ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے جس کے ذریعے ملک کو کلین اینڈ گرین بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جہاں جہاں پودے لائے گئے ہیں ان کا ہر ممکن خیال رکھا جارہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام اپنا بہترین کردار ادا کرتے ہوئے درخت لگائے اور ماحول کوخوشگوار بنائیں۔پاکستان میں میاواکی کے طرز کے جنگلات لگائے جا رہے ہیں جن کا ماحول پر مثبت اثر مرتب ہوگا۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان 10 بلین منصوبے کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ آنے والے ماحولیاتی مسائل کا سامنا کیا جاسکے۔ ضلع اٹک میں 7اگست کو 7لاکھ درخت لگانا تاریخی اقدام ہے۔ مون سون شجر کاری کے سیزن میں اس سال اٹک میں 17لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔