قومی پرچم دیگر رنگوں‘ بدنما پورٹریٹ‘ کارٹون کی شکل میں ہرگز نہ چھاپا جائے: ہائیکورٹ

Aug 08, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے قومی پرچم کی حرمت کے حوالے سے قوائد و ضوابط پر مبنی فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ہمارا پرچم محض کپڑے کا ٹکڑا نہیں، سبز رنگ خوشحالی، سفید رنگ اقلیتوں کیلئے امن، ہلال ترقی، پانچ کونوں کا ستارہ روشنی اور علم کی عکاسی کرتا ہے۔ پرچم چھاپنے کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ قومی پرچم  میں گہرا سبز حصہ تین چوتھائی جبکہ سفید حصہ ایک چوتھائی ہو، قومی پرچم کو دیگر رنگوں ، بدنما پورٹریٹ یا کارٹون کی شکل میں ہرگز چھاپا نہ جائے۔ پرچم کے اوپر کچھ لکھا نہ جائے۔ قومی پرچم لہراتے اور اتارتے وقت سب کھڑے ہوکر سلامی دیں۔ پرچم اندھیرے میں لہرایا نہ جائے۔ زمین پر نہ گرنے دیا جائے۔ یہ پائوں کے نیچے ہرگز نہ آئے۔ پرچم ایسی جگہ نہ لہرایا جائے جہاں گندا ہونے کا خدشہ ہو۔ قومی پرچم کو نذر آتش نہ کیا جائے اور اسے قبر میں دفن نہ کیا جائے۔ قومی پرچم کی بے حرمتی پر آئین میں تین سال قیدکی سزا مقرر ہے۔

مزیدخبریں