واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے پاکستان کیلئے سفری ٹرم نرم کر دیئے۔ ا مریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے ’سفر نہیں کریں‘ سے اپ گریڈ کرتے ہوئے ’غیر ضروری سفر سے گریز کریں‘ کی فہرست میں شامل کرلیا۔ نظرثانی دراصل 'لیول فور' سے 'لیول تھری' کی جانب پیشرفت ہے، اگرچہ یہ کوئی بڑی تبدیلی نہیں سمجھی جاتی لیکن پھر بھی قابل ذکر بہتری ہے۔ تازہ ترین ٹریول ایڈوائزری کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انسداد دہشت گردی اور انسداد عسکریت پسندی کے لیے مؤثر آپریشنز کیے، 2014 کے بعد سے پاکستان کا سکیورٹی ماحول بہتر ہوا ہے۔ نظرثانی ایڈوائزری میں نشاندہی کی گئی کہ اگرچہ خطرات اب بھی موجود ہیں لیکن اسلام آباد میں دہشت گرد حملے کم ہوتے ہیں۔ محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور اغوا کی وجہ سے سابق فاٹا، بلوچستان اور خیبر پی کے کا سفر نہ کریں۔ ایڈوائزری میں دہشت گردی اور مسلح تصادم کے امکان کی وجہ سے کنٹرول لائن کے قرب و جوار میں سفر نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا۔ دوسری جانب برطانیہ کے بعد امریکہ نے بھی اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔ ترجمان امریکی وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ ٹکٹ کیلئے قرض بھی دے گا۔پاکستان نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کا خیر مقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری کو سول تھری اپ گریڈ کر دیا۔ امریکی فیصلہ درست سمت میں قدم ہے۔
امریکہ: پاکستان کیلئے سفری پابندیاں نرم، شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت
Aug 08, 2021