لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے کے فائنل میں میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے ‘وہ میڈل تو نہ جیت سکے تاہم قومی کی محبت کو سمیٹ لیا ۔ بھارتی اتھلیٹ نیرج چوپڑا نے اولمپکس کے جولین تھرو مقابلے کے فائنل میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ ارشد ندیم نے فائنل راؤنڈ کی پہلی باری میں 82 اعشاریہ 91 میٹر کی تھرو کی جبکہ فائنل راؤنڈ کی پہلی باری میں بھارت کے نیرج چوپڑا کی پہلی تھرو ضائع ہوئی، ٹاپ آٹھ کی پہلی تھرو کے بعد ارشد ندیم دوسرے نمبر پر رہے تھے۔پہلے تھرو میں بھارتی اتھلیٹ نیرج چوپڑا کی تھرو 87 اعشاریہ تین میٹر تک گئی، رومانیہ کے الیگزینڈو نوواک نے 77 اعشاریہ 3 میٹر کا پھینکا، جمہوریہ چیک کے اتھلٹ ویزلی نے 79 اعشاریہ 73 میٹر کا پھینکا، جرمنی کے جولیان ویبر نے 85 اعشاریہ 30 میٹر کا پھینکا۔بھارت کے اتھلیٹ نیرج چوپڑا پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم 82 اعشاریہ 40 کا تھرو پھینک کر چوتھے نمبر پر رہے۔بھارت کے نیرج کمار کی دوسری تھرو 87 اعشاریہ 58میٹر تک گئی، رومانیہ کے الیگزینڈو نوواک کی دوسری تھرو 79 اعشاریہ 29 میٹر تک گئی۔ پاکستان کے ارشد ندیم دوسری باری میں فاؤل کرگئے، ارشد ندیم دوسری باری میں تھرو کرتے ہوئے اوور سٹیپ کرگئے، پہلے راؤنڈ کی دو باریوں کے بعد ارشد ندیم چھٹے نمبر پر تھے۔ پہلے راؤنڈ کی تیسری باری میں بھارت کے نیرج چوپڑا کی تھرو 76 اعشاریہ 79 میٹر تک گئی، تیسری تھرو میں 84 اعشاریہ 62 تک گئی، ارشد ندیم تیسری تھرو کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے تھے‘وہ مجموعی طور پر پانچویں پوزیشن پر رہے۔پاکستان کے کسی اتھلیٹ نے آج تک اولمپک جیولین تھرور کے مقابلوں میں براہ راست فائنل تک رسائی حاصل نہیں کی‘ ارشد ندیم فائنل میں پہنچنے والے پاکستان کے پہلے اتھلیٹ ہیں۔والدہ ارشد ندیم بیٹے کی کامیابی کیلئے مسلسل دعا کر تی رہیں،انہوں نے کہا کہ اللہ پر یقین ہے ارشد ضرور جیتے گا ،میرا شیر ارشد جیت کر آئے گا، میرا دل بہت خوش ہے، ساری قوم کی دعائیں ساتھ ہیں۔ ارشد ندیم کی کامیابی تک دعا کرتی رہوں گی۔ ارشد پاکستان کا جھنڈہ بلند کرے گا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے ارشد ندیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ‘پیغام میں کہا گیا کہ ہم دعاگو ہیں کہ ارشد ندیم میڈل لے کر پوڈیم پر آئیں۔ قوم کی دْعاؤں اور آپ کی محنت سے کامیابی آپ کا مقدر بنے گی۔میاں چنوں میں ارشد ندیم کے گھر رشتہ داروں، دوستوں کا رش لگا رہا، مہمانوں کی تواضع کیلئے چکن بریانی کی دیگیں تیار کی گئی تھیں۔والدین نے ٹوکیو اولمپکس فائنل کے آغاز سے قبل گھر کے سامنے ٹینٹ اور کرسیاں لگوا دی تھیں۔ گھر کے باہر ڈھول کی تھاپ پر اہل علاقہ رقص کرتے رہے جبکہ ارشد ندیم کے گھر ڈھول کے ساتھ شہنائی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ارشد ندیم کے والد کا کہنا تھا کہ بڑی خواہش ہے کہ میرا بیٹا اولمپکس میں میڈل جیتے، ارشد نے بڑی محنت کی ہے ،اللہ اسے کامیاب کرے ، امید ہے ارشد جیت کر ایک دن پاکستان کا نام روشن کریگا۔اہل محلہ کا کہنا تھا کہ سب کی دعائیں ارشد ندیم کیساتھ ہیں۔لاہور میں مقابلہ دکھانے کیلئے بڑی سکرینیں نصب کی گئیں۔ضلعی انتظامیہ نے لبرٹی گول چکرکے قریب‘پنجاب سپورٹس بورڈمیں بھی بڑی سکرین نصب کی گئی تھیں۔ لبرٹی گول چکرکے قریب ڈھول والوں کے ڈھول بجانے سے میلے کا سماںرہا۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ارشد ندیم کی کارکردگی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی کہا کہ انہوں نے دل جیت لئے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ارشد ندیم نے پوری قوم کا دل جیت لیا۔ معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ دوسری طرف پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔ دوسری طرف ارشد ندیم نے ٹویٹ میں کہا کہ میں معذرت چاہتا ہوں عوام کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکا۔ والدین اور عوام کا شکریہ جن کی دعاؤں سے اس مقام تک پہنچا۔ اگلی بار بھرپور تیاری کے ساتھ اولمپک میں شرکت کروں گا۔ پاکستان میں جاپانی سفیر نے بھی مبارک باد پیش کی ہے۔
پاکستانی ایتھلیٹ ارشدندیم کی شاندار کوشش، پوری قوم کی محبت سمیٹ لی
Aug 08, 2021