لاہور ( سٹی رپورٹر)فالج کی بیماری کی وجوہات،علامات اور علاج معالجے کے حوالے سے جدید میڈیکل سائنس نے خاطرخواہ ترقی کر کے اسے آسان بنا دیا ہے اور اب اینجیو گرافی کے ذریعے خون کی رگوں سے لوتھڑے نکال کر مریض کی جان بچانے اور اْسے صحت یاب کرنے میں مدد مل سکتی ہے لیکن شہریوں کو فالج کی بیماری سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی تاکہ ایسی نوبت ہی نہ آئے۔ان خیالات کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال شعبہ نیورو ریڈیالوجی کے زیر اہتمام منعقدہ دوسری مکینیکل تھروم بیکٹومی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ جنرل ہسپتال کے نیورو اینجیو گرافی ڈیپارٹمنٹ کو جدید طبی آلات سے آراستہ کر دیا گیا ہے اور اب ڈاکٹر ز اور سرجنز کا فرض ہے کہ پیشہ وارانہ مہارت کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کریں۔طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ فالج کے مرض کی اہم وجوہات میں ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس میں مبتلا ہونا شامل ہے،اسی طرح فالج سے بچاؤ کیلئے جسمانی وزن اور ذہنی تناؤ بھی کم رکھنا ہوگا۔ہر شہری کو اپنا معیار زندگی بہتر بنا کر اپنی نگہداشت کی اہلیت میں اضافہ کرنا ہوگا جس سے وہ خود کو فالج کی بیماری سے دور رکھ سکتے ہیں۔میڈیا سے بات چیت میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم،پروفیسر الفرید ظفر، ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری، ڈاکٹر محمد واسع،پروفیسر اطہر جاوید، پروفیسر ثاقب سفیع، پروفیسر محسن ظہیر، پروفیسر احسن نعمان، ڈاکٹر حسنین ہاشم،ڈاکٹر ابوبکر صدیق اور ڈاکٹر صائمہ احمد نے کہا کہ ہم سب کو مجموعی طور پر تمباکو نوشی اور الکوحل سے پرہیز کرنا چاہیے۔،اسی طرح ڈپریشن اور ذہنی تناؤ بھی فالج کے مرض کا باعث بنتے ہیں۔