لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنے دورِ اقتدار میں عوام کو مایوسیوںاور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ تینوں جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو چکی ہیں، اس وقت ملک میں ایک بڑا سیاسی خلا ہے جس کو علمائے کرام کے تعاون سے جماعت اسلامی پْر کر سکتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ جماعت اسلامی سے وابستہ لوگ اپنی جدوجہد کو تیز کر دیں اور قرآن و سنت کاپیغام گھر گھر پہنچائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی راولپنڈی کے زیر اہتمام پی پی 12میں علمائے کرام کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی راولپنڈی کے رہنماء خالد مرزا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے یکسو ہے اور قوم کا ساتھ چاہتی ہے۔عوام فرسودہ نظام سے تنگ آ چکے ہیں۔اسلامی نظام ہی قوم کے دکھوںکا مداوا بن سکتا ہے، ریاست مدینہ نظام کے دعوے داروں نے ملک کو اخلاقی،تہذیبی، بے حیائی، بے پردگی اور اخلاق باختگی کے بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔