لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی انٹر ڈویژن آرچری چیمپئن شپ (مردوخواتین) بھوربن مری میں اختتام پذیر ہوگئی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ فائنل کے مہمان خصوصی تھے،ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان اولکھ اور کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ نے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں، سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کی جانب سے فاتح ٹیم کو ایک، ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ بھور بن سٹیڈیم کو 30ملین روپے کی لاگت سے ملٹی پرپز بنائیں گے ۔ہاسٹل بھی تعمیر کیا جائیگا۔ 70میٹر انفرادی (مردوں) مقابلوں میں پہلی پوزیشن قاسم طاہر، دوسری پوزیشن محمد ارسلان اور تیسری پوزیشن مبشر نذر نے حاصل کی، خواتین میں پہلی پوزیشن سعدیہ رمضان، دوسری پوزیشن سائرہ دلشاد اور تیسری پوزیشن اقصی نواز نے لی، بلائنڈ آرچری مقابلے میں تنویر احمد پہلے، ولید عزیز نے دوسرے اور محمد عثمان تیسرے نمبر پررہے۔