بھارت جھوٹ اور بے بنیاد الزامات سے باز رہے: ترجمان دفتر خارجہ

Aug 08, 2021 | 13:45

ویب ڈیسک

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت جھوٹ اور بے بنیاد الزامات سے باز رہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کی قیاس آرائی لغو اور سراسر بے بنیاد ہے اور یہ سراسر جھوٹ ہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے دہشت گرد مقبوضہ کشمیر میں داخل کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی اہلکار وہاں موجود ہیں اور پھر یہ کیسے ممکن ہے ؟ مقبوضہ جموں وکشمیر دنیا میں سب سے زیادہ فوج کی موجودگی رکھنے والا خطہ ہے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت نے تہہ در تہہ خاردار باڑ اور الیکڑانک نگرانی کے آلات نصب کر رکھے ہیں اور بھارت کچھ وقت کے بعد ہمیشہ ایسے الزامات دہراتا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے بھارت پاکستان کے خلاف کینہ و بغض پر مبنی کردار کشی کی مہم چلاتا رہتا ہے جبکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر اور پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ اور جون 2021 میں لاہور میں دہشت گرد دھماکے میں بھارت کا ہاتھ تھا۔ بھارت نام نہاد ”دراندازی“ کے گمراہ کن جھوٹ اور بے بنیاد الزامات سے باز آئے۔انہوں ںے کہا کہ بھارت جنگ بندی معاہدے سے فرار کے بہانے نہ ڈھونڈے اور فالس فلیگ آپریشن کی نیت سے بھارت خود ساختہ جھوٹ گھڑنے اور حیلے بہانے تراشنے سے باز رے۔ بھارتی غیرذمہ دارانہ رویے کے نتائج خطے کے امن وسلامتی کے لیے اچھے نہیں ہوں گے۔

مزیدخبریں