آئی جی کا مری میں ٹریفک جام کا نوٹس ،اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم

Aug 08, 2022

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے مری میں سیاحوں کے رش کی وجہ سے ٹریفک جام ہونے کے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے اضافی نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام کی سکیورٹی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی مدد اور رہنمائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سی ٹی او مری اور دیگر سینئر افسران فیلڈ میں متحرک نظر آئیں اور کسی بھی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی میں خلل نہ آنے پائے۔ دھند سے نمٹنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مال روڈ اور دیگر مصروف شاہراہوں پر غیر قانونی اور غلط پارکنگ کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ فیصل شاہکار نے ہدایت کی کہ مری اور گلیات میں کپیسٹی سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر ایس او پیز کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او راولپنڈی کو ہدایت کی کہ مری میں پولیس کنٹرول روم کو فعال بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آر پی او راولپنڈی مری میں چھٹیوں کے دوران سیاحوں کے بڑھتے رش کے مدنظر ذاتی نگرانی میں خصوصی انتظامات یقینی بنائیں۔ سی ٹی او مری نوید ارشاد نے بتایا کہ مری کی تمام مرکزی شاہراؤں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی جاری ہے۔ پی سی بھوربن روڈ، لوئر ٹوپہ روڈ، جھیکا گلی، کلڈنہ روڈ ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ ہے، اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ سی ٹی او نوید ارشاد نے مزید کہا کہ مری میں صبح سے اب تک 7600 گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں۔

مزیدخبریں