قصور(نمائندہ نوائے وقت) ڈی پی او قصورمحمد صہیب اشرف نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرکے ماسٹر پلان جاری کردیا گیا ہے۔ضلع قصور میں یکم محرم الحرام سے لیکر یوم عاشورہ تک کل673پروگرام منعقدہوں گے جن میں 109جلوس اور 564مجالس کے پروگرام شامل ہیں تمام پروگرامز کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جن کی سکیورٹی کے لیے2ہزار سے زائد افسران و اہلکاران ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے منتظمین مجالس و جلوس کیساتھ ساتھ امن کمیٹی کے ممبران کیساتھ میٹنگزکے بعد سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس کی کل نفری کے علاوہ600ولنٹیرز،سول ڈیفنس رضاکار، ریزرو ہائے پنجا ب کانسٹیبلری پولیس،محافظ فورس،دفتری و کلیریکل سٹاف اور ایلیٹ فورس کے جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گی جبکہ9اور 10محرم الحرام کو رینجراور پاک فوج کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔جلو س میں داخلہ کیلئے چار سے سات لیئر ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلو سوں کے روٹس کی چیکنگ بذریعہ سنیفر ڈاگ اور ٹیکنیکل آلات سے کروائی جائے گی،تمام امام بارگاہوں پر 4/4سی سی ٹی وی کیمرے انسٹال کیے جارہے ہیں،سکیورٹی کے تمام امور کو مانیٹر کرنے کیلئے ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔