اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہداء کا تمسخر اڑانے والوں کا شدت سے احتساب ضروری ہے، ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد شہداء اور انہیں برا بھلا کہنے کی سوشل میڈیا پر خوفناک مہم چلائی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہداء کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے والے کا عمل نہایت قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، ایسے لوگوں کا احتساب بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے اور انہیں برا بھلا کہنے کی سوشل میڈیا مہم صرف شرمناک ہی نہیں خوفناک بھی ہے۔ متکبر اور منافقانہ سیاسی نظریے کا یہی نتیجہ ہے کہ یہ کم سن ذہنوں میں زہرگھول کر بد تہذیبی کو ترویج دیتا ہے‘۔ وزیراعظم نے سوال کیا کہ ’آخر ہمارا معاشرہ کس سمت جا رہاہے؟۔ یہ لمحہ گہرے غور و فکر کا مطالبہ کرتا ہے۔ ہمیں شدت سے خود احتسابی کی ضرورت ہے‘۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے پر سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کی مالی سرپرستی کی جاتی ہے۔دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان اتوار کے روز ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور امیر قطر نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیہ کے مطابق قطر اور پاکستان کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ قطر میں موجود200,000 سے زائد پاکستانی قطر اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔