بجلی بحران شارٹ فال 6ہزار 439میگاواٹ 12گھنٹے تک لوڈشیڈنگ 

 اسلام آباد (نامہ نگار) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار 439میگا واٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث شہروں میں 6تا 8اور دیہی علاقوں میں 10سے 12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ ملک میں معمول سے زیادہ بارشوں کے باوجود بجلی کی مطلوبہ پیداوار پوری نہ ہوسکی، ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6ہزار میگاواٹ کے قریب پہنچ گیا۔ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 18ہزار 461میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی کل طلب 24 ہزار 900میگا واٹ ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق سب سے زیادہ نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 7ہزار 500میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق پانی سے 6ہزار 700میگاواٹ بجلی بنائی جارہی ہے۔ اسی طرح جوہری ایندھن سے 2ہزار 425 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ سرکاری تھرمل پلانٹس سے 830میگا واٹ، ونڈ پاور پلانٹس سے 786میگا واٹ، سولر پلانٹس سے 145میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 2ہزار 425میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ شارٹ فال میں اضافے کے سبب ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، شہری علاقوں میں آٹھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ گھنٹوں تک بجلی بند کی جارہی ہے۔
بجلی بحران

ای پیپر دی نیشن