اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کوئی بھی شعبہ ٹیکس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا متحمل نہیں ہو سکتا،حکومت پہلے سے ٹیکس دینے والوں کیلئے سہولیات کے اقدامات کرے جبکہ ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافہ کیلئے نئے ٹیکس گزار تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اتوارکو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک انداز ے کے مطابق اگر حکومت تھوڑی سی توجہ دے تو 25سے30لاکھ نئے لو گ ٹیکس نیٹ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کیلئے دوستانہ ماحول کو فروغ دیا جائے۔سمگلنگ کو روکنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سولو فلائٹ پالیسیاں معیشت کے لئے سود مند ثابت نہیں ہو سکتیں۔ حکومتی اداروں ، تاجر تنظیموں او ر ایسوسی ایشنز کے درمیان موثر روابط کے لئے فوکل پرسنز کی تعیناتی کی جائے۔ حکومت کو چاہئے کہ ٹیکس وصولیوں کی بڑھوتری کیلئے تمام شراکت داروں کی مشاورت سے پالیسی مرتب کرے جس سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوں گے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک بھر میں 35سے40لاکھ تاجرنہ صرف مختلف ٹیکسز کی ادائیگی کر رہے ہیں بلکہ لاکھوں خاندانوں کو روزگار دینے کا ذریعہ بھی ہیں اس لئے تاجروں کی تجاویز کو زیر غور لانے کی ضرورت ہے۔