اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکرٹری و کنوینر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چودھری نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں سے فکس سیلز ٹیکس حکومت نے ختم کردیا ہے جس پر تاجر برادری نے سکھ کا سانس لیا لیکن بجلی کی تنصیبات کی چیکنگ کے نام پر ایک نیا فراڈ سامنے آیا ہے۔ وزیر داخلہ راناثنااللہ، چیف کمشنر آئی سی ٹی عامر احمد علی اور ڈپٹی کمشنر عرفان میمن فوری طور پر نوٹس لیں اور دکانداروں کے ساتھ بجلی کی تنصیبات کے نام پر ہونے والے فراڈ پر کارروائی کریں۔ اطلاعات کے مطابق کچھ لوگوں نے حکومت پنجاب پاور ڈیپارٹمنٹ کا ایک لیٹر اٹھایا ہوا ہے اور مختلف مارکیٹوں میں دکان پر جاتے ہیں کہ ہم نے آپ کی دکان کی انسپکشن کرنی ہے اور بارہ ہزار روپے کی ڈیمانڈ کرتے ہیں اور انسپکشن نہ کروانے والوں کو پینلٹی اور جرمانے سے ڈراتے ہیں اور بجلی منقطع کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ آئیسکو حکام سے جب آل پاکستان انجمن تاجران نے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایسا کوئی ٹھیکہ نہیں دیا گیا جبکہ حکومت پنجاب کا کوئی بھی حکم نامہ اسلام آباد دارالحکومت کے لیے کار آمد نہیں، یہ افراد فراڈ ہیں اور سادہ لوح دوکانداروں کو ٹھگتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند سال قبل بھی یہی لوگ اسلام آباد میں آکر فراڈ کرتے رہے اور اس وقت کے ڈپٹی کمشنر نے ان کو وارننگ دی جس پر یہ لوگ دوبارہ نہ آئے، اب وہی لوگ پھر اسلام آباد میں وارداتیں کر رہے ہیں۔
بجلی تنصیبات کی چیکنگ کے نام پرتاجروں سے نیا فراڈ کیا جارہا،اجمل بلوچ
Aug 08, 2022