پاکستان ، جنوبی افریقہ کے درمیان تجارت کے فروغ میں وسیع گنجائش :کاشف انور

 لاہور(کامرس رپورٹر )  جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر متھوزیلی مادیکیزا کا لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ۔اس موقع پر صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارت کے فروغ کی وسیع گنجائش ہے، زراعت، ٹیکسٹائل، مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوں میں شرکت باہمی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر متھوزیلی مادیکیزا نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔  ہائی کمشنر نے لاہور چیمبر میں افریقی ڈیسک کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان کے اقدام لک افریقہ کو سراہا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور کہا سٹیک ہولڈرز باہمی تجارت بڑھانے میں کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہا کہ لاہور چیمبر لک افریقہ کی بھرپور حمایت کررہا ہے،اس پالیسی کے تحت فروغ تجارت کیلئے ترجیحی افریقی ممالک نائیجیریا، کینیا، جنوبی افریقہ، مراکش، سینیگال، الجیریا، مصر، سوڈان، تنزانیہ اور ایتھوپیا ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے ایل سی سی آئی کے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے "افریقہ ڈے" کے انعقاد کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ میں آئی ٹی پروفیشنلز کی مضبوط مانگ اور گاڑیوں کے پرزہ جات، ٹریکٹر اور فارماسیوٹیکل جیسے تعاون کے ممکنہ شعبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جنوبی افریقہ سے سیمنٹ کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن