لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے دربار حضرت میاں میر کے دورہ کے موقع پر تیرہ سال سے بند، مرکزی دروازہ کھلوادیا، جس سے زائرین اور دربار شریف کے زائرین کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا۔ انہوں نے بارہ دری کی ریسٹوریشن کے کام کا جائزہ لیا، جبکہ لنگر خانہ، کچن اور دیگر تعمیراتی و ترقیاتی کا موں کی فزیبلٹی کی ہدایت کی۔ مزار شریف پر خواتین کے الگ ایریا کا قیام، عملہ مسجد کی حاضری اور کارکردگی، ناکارہ اشیاء کی ڈسپوزل، صفائی اورڈینگی سمیت دیگر امور کی بھی انسپکشن کی۔ انہوں نے ماہ ِجولائی 2023ءکی کیش اوپننگ کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ 24 جولائی2023ء کی کشادگی میں گزشتہ سال کی نسبت 56 فیصد اضافہ کو سراہا اور کہا کہ اس کو " بینچ مارک" بنا کر دیگر ہفتہ وار کشادگیوں میں بھی اضافے کو اسی طرح یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی ویلفیئر کے حوالے سے خانقاہوں کے حقیقی تشخص اور کردار کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر مزار شریف پر قائم مدرسہ (دارالنساء)کی ضروری انتظامات کے ساتھ بحالی، مزار ِمقدسہ کی صفائی، سیکیو رٹی، حفاظت پاپوش، لنگر اور زائرین کے لیے حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق پاکیزہ ماحول کی فراہمی کو بہر صورت یقینی بنانے کے حوالے سے موقع پر ہدایات بھی دیں۔
زائرین کا دیرینہ مطالبہ پورا‘ میاں میر دربارکامرکزی دروازہ کھول دیا گیا
Aug 08, 2023