لاہور (نامہ نگار) فیکٹری ایریا کے علاقے میں صفائی کے لئے گٹر میں گھسنے والے دو سگے بھائی زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس نے دونوں لاشیں مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ فیکٹری ایریا کے علاقے میں فیروز پور روڈ غازی چوک کے قریب گٹر کی صفائی کے دوران دو مزدور بھائی مقصود اور ہنی زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے دونوں بھائیوں کی لاشیں گٹر سے باہر نکالیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں مزدور بھائی صفائی کے لئے گٹر میں اترے اور زہریلی گیس بھرنے کے باعث بے ہوش ہو کر گٹر میں ہی گر گئے اور دم گھٹنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو مردہ حالت میں نکال لیا ہے۔ متوفیاں کی شناخت ہنی اور مقصود کے ناموں سے ہوئی جو سگے بھائی تھے اور شیراکوٹ کے رہائشی تھے۔فیکٹری ایریا کے علاقے میں گٹر کی صفائی کے دوران ہلاک ہونے والے دونوں بھائی 22سالہ مقصود مسیح اور 28 سالہ ہنی مسیح محکمہ واسا کے ملازم تھے۔