مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ) یاسین ملک کی سات سالہ بیٹی رضیہ سلطانہ نے مظفر آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر میں قرارداد جمع کرا دی۔ رضیہ سلطانہ نے اقوام متحدہ کے مبصر کو یادداشت پیش کی۔ یادداشت میں اقوام متحدہ سے یاسین ملک کی رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت یاسین ملک کو سزا دلوانا چاہتا ہے۔ مودی انتخابات جیتنے کیلئے کچھ بھی کر سکتا ہے۔ اقومم متحدہ اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کرے۔ مزید برآں کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ یاسین ملک کو عدالت پیش نہیں کیا جا رہا۔ میں رضیہ سلطانہ کے ساتھ یہاں احتجاج میں آئی ہوں۔ ہم اس وقت پریشان حالت میں ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک ساڑھے چار سال سے ڈیتھ سیل میں ہیں۔ انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ملنے کی اجازت ہے نہ فون پر بات کرنے دی جا رہی ہے۔ رضیہ سلطانہ اپنے والد کو خط لکھتی ہے وہ ان تک نہیں پہنچ رہا۔ کوئی ٹیلی گرام نہ ای میل ان تک پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو پھانسی گھاٹ سے نکالا جائے۔ مودی خونی قاتل ہے۔ اگر یاسین ملک کو کچھ ہوا تو نہ سمجھا جائے کہ ردعمل نہیں آئے گا۔ اتنا سخت ردعمل آئے گا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے۔