اسلام آباد (نامہ نگار) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے دو بل تجارتی تنظیمات ترمیمی بل 2023 اور تجارتی تنازعہ تصفیہ بل 2023 کی منظوری دے دی ہے۔ پی ٹی آئی کے سینٹ کے ارکان نے کالی پٹیاں باندھ کر مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں ہوا۔ مقررہ وقت سے پونے گھنٹے کی تاخیر سے اجلاس شروع ہوا۔ نوابشاہ میں ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں اور خیبر پی کے میں حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی مغفرت کے لئے ایوان میں دعا کی گئی۔ دعا مولانا عبدالاکبر چترالی نے کرائی۔ تجارتی تنظیمات ترمیمی بل 2023 نوید قمر نے پیش کیا۔ مشترکہ اجلاس میں تجارتی تنظیمات بل پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نوید قمر نے کہا کہ ہم چاہ رہے ہیں چیمبرز کے الیکشن ہوں اور تمام خرابیاں دور ہوں۔ سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ اس بل میں بار بار ترامیم تجویز کی جارہی ہیں، اس سے پارلیمنٹ کا مذاق بن گیا ہے‘ منتخب لوگوں کو وقت پورا کرنے دیں۔ نوید قمر نے کہا کہ اس حوالے سے تحفظات کو سمجھتا ہوں لیکن کہیں نہ کہیں تو یہ کرنا پڑے گا۔ اس سال الیکشن کرنے دیں تاکہ سب لوگ ایک ساتھ کام کریں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ان تجاویز کو دونوں ایوانوں کے قائمہ کمیٹیوں نے منظور کیا ہے۔ مشترکہ اجلاس کی کارروائی 9 اگست ساڑھے 5 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔