دہشتگردی نیکٹا اصلاحات مکمل ، صوبائی کائونٹر ٹیررزم اداروں کیلئے پالیسی سازی کا فیصلہ

Aug 08, 2023

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے زیر صدارت نیکٹا بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے نیکٹا اصلاحات مکمل کر لی گئیں۔ اجلاس میں صوبائی کاؤنٹر ٹیررزم اداروں کیلئے پالیسی سازی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی جی نیکٹا کے مطابق نیکٹا میں پروفیشنل سٹاف، ڈیٹا سائنٹسٹ، ٹیکنیکل افسر، اینالسٹ اور ماہرین کی بھرتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ انسداد دہشتگردی کی استعداد کار میں اضافہ اور کمیونیکیشن کے اطلاق کے لئے کنسلٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کر لیں۔ جید علماء کی متفقہ دستخط شدہ دستاویزات کی بنیاد پر قومی بیانیہ تشکیل دیا گیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ نیکٹا اب  مکمل طور پر ایک فعال ادارہ بن چکا ہے۔ تمام صوبے اور دوسرے متعلقہ ادارے اس حکمت عملی پر عملدرآمد کریں گے۔ وطن عزیز سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ کریں گے۔ انشاء اللہ مادر وطن میں دائمی امن اور معاشی خوشحالی لوٹ آئے گی۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ  نے کہا ہے کہ حکومتی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے عوام الناس کو مختلف شعبوں میں ریلیف ملا ہے۔ حکومت سہولیات کو صارفین کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے کارفرما ہے اور عوامی خدمت ہی ہماری سیاست کا محور ہے۔ فیسکو کی جانب سے دو نئی سب ڈویژنوں سدھار اور امین پور کے قیام سے ہزاروں صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔ ان کے مسائل ان کے گھروں کے قریب ہی حل ہوں گے۔ یہ باتیں انہوں نے سدھار اور امین پور سب ڈویژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر چیئرمین فیسکو واپڈا ملک تحسین اعوان، سابق ممبر صوبائی اسمبلی ظفر اقبال ناگرہ،  محمد اجمل آصف، چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد اور جنرل منیجر آپریشن رانا ایوب بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مشکلات کے پیش نظر سستی بجلی کے ذرائع کو فروغ دینے کیلئے بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ کام کررہی ہے۔ دونوں سب ڈویژنیں سدھار اور امین پور پچاس پچاس ہزار سے زائد صارفین پر مشتمل ہیں اور مقامی لوگوں کو اپنے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے دور دراز کا فاصلہ طے کرنا پڑتا تھا۔ اب جھنگ روڈ، ٹھیکریوالا اور نڑوالا سب ڈویژن کے منقسم ہونے سے صارفین کو اچھی سروسز مہیا ہوں گی۔ انہوں نے چئیرمین فیسکو واپڈا ملک تحسین اعوان کی کاوشوں کو سراہا۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد نے کہا کہ جھنگ روڈ سب ڈویژن میں 14فیڈرز اور 31ہزار صارفین تھے جبکہ ٹھیکریوالا سب ڈویژن 9فیڈرز اور 50ہزار صارفین پر مشتمل تھی ان دونوں سب ڈویژنو ں کو منقسم کرکے نئی سدھار سب ڈویژن جو کہ 26ہزار صارفین اور 7فیڈرز پر مشتمل ہے کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اسی طرح نڑوالا سب ڈویژن 55ہزار صارفین اور 22فیڈرز پر مشتمل تھی اس میں ایک نئی امین پور سب ڈویژن کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو کہ 31ہزار صارفین اور 7فیڈرز پر مشتمل ہوگی۔ نئی سب ڈویژنوں کے قیام سے صارفین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے اور نئے گھریلو، زرعی اور تجارتی کنکشنوں کا اجراء زیادہ تیزی کے ساتھ ہوگا۔ چیئرمین فیسکو واپڈا ملک تحسین اعوان،  ظفر اقبال ناگرہ،  محمد اجمل آصف، چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد اور جنرل منیجر آپریشن رانا ایوب نے تختی کی نقاب کشائی کرکے سب ڈویژنوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر فیسکو ملازمین اور عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مزیدخبریں