اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) نئی مردم شماری و حلقہ بندیوں اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سمیت مختلف امور پر مشاورت کیلئے الیکشن کمشن کا اجلاس گزشتہ روز ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نئی مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے اعلان پر فیصلہ نہ ہو سکا جس کے بعد آج دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سپیشل سیکرٹری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کمیشن کو بریف کیا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔ لیکن کمیشن کو مخصوص نشستوں کی تعداد کا نوٹیفکیشن درکار ہے، مزید لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے سیکشن 17 میں ترمیم کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ امیدواروں کے لئے انتخابی اخراجات کی حد مقرر کی جا چکی ہے اور مخصوص نشستوں کی تعداد کے نوٹیفکیشن کے لئے سمری تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے سیکشن 17 میں مطلوبہ ترمیم کی سمری بھی 26 جولائی کو کابینہ کو بھجوائی گئی ہے۔ تاکہ ضروری قانون سازی کی جائے۔ قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کااستحقاق ہے لہذا جونہی قانون سازی ہوتی ہے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ ترامیم فراہم کر دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے اس موقف پر سخت ناگواری کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ فی الفور مخصوص نشستوں کی تعدا د کی منظوری لی جائے اور سیکشن 17 میں جو ترمیم درکار ہے وہ بھی فوراً مکمل کی جائیں ۔ تاکہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے عہدہ براہو سکے۔ مزید الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزارت داخلہ آج ہی تحریری طور پر اس ضمن میں پراگراسس اور اپنے موقف سے آگاہ کرے ۔ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری کے اعداد وشمار کی سرکاری اشاعت اور الیکشن کمیشن کے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرنے کے لئے لیگل ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ آج الیکشن کمیشن کو آئین اور قانون کی روشنی میں ضروری رہنمائی مہیا کرے۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری کے اعداد وشمار کی سرکاری اشاعت اور الیکشن کمیشن کے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کی میٹنگ آج(منگل) ساڑھے 11بجے دوبارہ ہوگی۔ مزید الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کو دس دن کی مہلت دیتے ہوئے حکم دیا کہ وہ دیگر سیاسی جماعتوں کی فارن فنڈنگ سے متعلق اپنی سکروٹنی رپورٹ ہر صورت میں الیکشن کے روبرو پیش کرے۔اور اس کو آخری مہلت سمجھا جائے۔ اسکے علاوہ الیکشن کمیشن نے لاء ونگ کو حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے دائر کردہ تمام پرائیوٹ شکایات complaints جوکہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں انکی فوری سماعت اور فیصلہ جات کے لئے متعلقہ معزز عدالتوں سے رجو ع کرے تاکہ ان شکایات پر بروقت فیصلہ جات اور ان پر عملد رآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔
الیکشن کمشن اجلاس
الکشن کمشن اجلاس ، نئی مردم شماری ،حلقہ بندیوں ، اسلام آباد بلدیاتی انتخابات پر مشاورت
Aug 08, 2023