لاہور(نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ازبکستان میں گورنر بخارا بوتیرزریپوف سے ملاقات کی، جس میں بخارا اور ملتان کو سسٹر سٹیز قرار دینے کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔ اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے گورنر بخارا سے گفتگو میں کہا کہ صوفی ازم ہمارا مشترکہ ورثہ ہے۔ بخارا اور ملتان کو سسٹر سٹیز قرار دینے سے صوفی ازم اور مذہبی ثقافت کو فروغ ملے گا۔ پاکستان اور ازبکستان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ازبکستان نے زرعی شعبے میں انقلابی اصلاحات کر کے اپنی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔ پاکستان خصوصاً پنجاب ازبکستان کے زرعی انقلاب کے اقدامات سے فائدہ اٹھائے گا۔ کپاس اور گندم کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کے لئے بیج ڈویلپ کرنے کے حوالے سے ازبکستان کے تجربے سے استفادہ کریں گے۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سڑک کے ذریعے رسائی سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ ہم اپنی زرعی معیشت کو بحال کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ گورنر بخارا نے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے وفد کا بخارا ائیر پورٹ پہنچنے پر گورنر بخارا نے پرتپاک استقبال کیا۔ قبل ازیں محسن نقوی کی قیادت میں خصوصی وفد نے تاشقند میں جدید کاٹن فیکٹری اور کاٹن فیلڈز کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے کاٹن فیکٹری میں جدید مشینری کا معائنہ کیا اورکاٹن کی پراسیسنگ کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کوشش ہے کہ اس طرح کی جدید کاٹن فیکٹریاں پنجاب میں بھی لگائی جائیں۔ اس ضمن میں ازبک حکومت کے ساتھ اشتراک کار بڑھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ اور وفد نے کپاس کے کھیتوں کا بھی معائنہ کیا اور بہترین کپاس کی فصل پر ازبکستان کے زرعی ماہرین کی کاوشوں کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی سربراہی میں وفد نے بخارا میں ایگرو کلسٹرکا دورہ کیا۔ بخارا ایگرو کلسٹر میں وفد کو کاٹن پروڈکشن، پروسیسنگ اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفد نے ملبوسات کے تیاری کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب اور ازبکستان میں زرعی ٹیکنالوجی کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔
گورنر بخارا سے ملاقات ، ازبکستان کے زرعی انقلاب سے فائدہ اٹھائیں گے : محسن نقوی
Aug 08, 2023