لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں بندوق‘ بم اور تشدد کی قوتوں کو شکست دیں گے۔ نوجوانوں کو 9 مئی جیسے یوم سیاہ کے منصوبہ سازوں کی سازشوں کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ نوجوانوں کو 9 مئی جیسی سازشوں سے بچائیں گے۔ خیبر پی کے میں نوجوانوں سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ انتخابات میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ نوجوانوں کا ووٹ کرے گا۔ نواز شریف نوجوانوں کو مستقبل کی قیادت اور فیصلہ سازی کے عمل میں آگے لانا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے تمام اضلاع میں یوتھ خواتین کوآرڈینیٹر مقرر کر دیں۔ مریم نواز نے نامزد خواتین میں نوٹیفکیشن تقسیم کئے۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر حقیقی قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ مسلم لیگ (ن) اس حقیقت سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہے بلکہ اس جماعت نے خواتین کو با اختیار بنانے اور انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں منظم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ ضلعی سطح پر خواتین کوآرڈینیٹرز کی تقرری بھی پارٹی کے جمہوری ویژن کی عکاس ہے۔ مسلم لیگ (ن) ملک کی حقیقی جمہوری سیاسی جماعت ہے جس نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ نواز شریف کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے خواتین کی قومی دھارے میں شمولیت کو یقینی بنایا۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں پارٹی کی کوآرڈینیٹرز مقرر کر کے سیاست میں خواتین کی اہمیت پر مہر ثبت کر دی ہے۔