قلعہ دیدار سنگھ(نمائندہ خصوصی)ٹریفک وارڈن نہ ہونے سے مین حافظ آباد روڈ لاری اڈہ پر رکشہ ڈرائیوروں اور ریڑھی بانوں کا قبضہ،انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی،حکام نوٹس لیں۔ٹریفک وارڈن نہ ہونے سے رکشہ ڈرائیوروں اور ریڑھی بانوں نے مکمل قبضہ کرلیا ہے جو مسافروں اور بازار میں آنیوالے راہگیروں سمیت خواتین کیلئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔شہریوں محمد عرفان‘شوکت علی،محمد موسیٰ،دلاور علی ودیگر نے الزام لگایا ہے کہ با اثر شخص مبینہ طور پر بھتہ وصول کرتا ہے جو روڈ پر من مرضی سے درجنوں رکشے کھڑے کر دیتا ہے جس سے ٹریفک روانی شدید متاثر ہوتی ہے۔جبکہ یہ رکشہ ڈرائیور اور ریڑھی بان بازار کے داخلی راستوں میں کھڑے رہتے ہیں جو سکول وکالجز آنیوالی طالبات اور بازار آنیوالی خواتین پر آوازیں کستے ہیں اور ان کو ہراساں بھی کیا جاتا ہے‘جبکہ متعلقہ انتظامیہ مکمل طور پر اپنی آنکھیں بند کرکے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے شہریوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔