گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے ایم پی ایز عمران خالد بٹ،حاجی نواز چوہان چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی سول ہسپتال،کمشنر سید نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنرطارق قریشی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر نے ہسپتال کے مکمل ہونیوالے شعبوں کو فوری فنکشنل کرنے کی ہدایات جاری کیں جبکہ ہسپتال میں تعمیراتی کاموں میں سست روی اور بار بار ڈیڈ لائن دینے پر ٹھیکیدار کو فوری طلب کیا اور ترقیاتی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔خرم دستگیر خان،ایم پی ایز عمران خالد بٹ،حاجی نواز چوہان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے اور ہسپتال کی عمارت کو بھی نئے ڈیزائن کیساتھ تیار کیا جارہا ہے۔سول ہسپتال کے اکثر شعبوں کی بندش سے عوام کی مشکلات سے بخوبی واقف ہیں اور عوام کی مشکلات کو ختم کرنے کیلئے ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں،ہسپتال کے تعمیراتی کام میں کسی قسم کی سستی اور کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔