لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کیخلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی سیریز کیلئے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہوگا۔ ٹیسٹ سکواڈ کا ٹریننگ کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہرمحمود کیمپ کی نگرانی کرینگے۔بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم 17اگست کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور توقع ہے کہ اسی روز دوپہر کو ٹریننگ کریگی۔ پاکستان سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔شان مسعود (کپتان‘، سعود شکیل (نائب کپتان) عامر جمال فٹنس سے مشروط، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان وکٹ کیپر، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپراور شاہین شاہ آفریدی۔سعود شکیل کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے جو آسٹریلیا کے دورے پر نائب کپتان تھے۔ فیصلہ انتہائی مصروف سیزن میں شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کو سنبھالنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم کو 21 اگست2024 سے 5 اپریل 2025 تک 9 ٹیسٹ 14 ٹی ٹونٹی اور کم ازکم 17ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے ہیں۔ٹیسٹ سکواڈ کے اعلان کردہ 17میں سے 13کھلاڑی پاکستان ٹیم کے گزشتہ دور آسٹریلیا میں شامل تھے۔ محمد ہریرہ ‘کامران غلام اور محمد علی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان شاہینز کی طرف سے عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بائولر نسیم شاہ کی تیرہ ماہ ریڈ بال کرکٹ میں واپسی ہورہی ہے۔پاکستان ٹیم کے آسٹریلیا کے دورے میں شامل امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی انجرڈ ‘محمد نواز، محمد وسیم جونیئر انجرڈ ، نعمان علی اور ساجد خان سکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔