لاہور (نیوز رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور اور ترکیہ کی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز استنبول کے درمیان تعاون کیلئے سمجھوتے کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ترکیہ سے براہ راست اجلاس کی صدارت کی اور یو ایچ ایس لاہور کی جانب سے ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس موقع پر یوایچ ایس لاہور سے وی سیپروفیسر احسن وحید راٹھور، ترکیہ کی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز استنبول سے وائس چانسلر، سیکرٹری جنرل اور دونوں یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ یوایچ ایس لاہور پنجاب کی 7میڈیکل یونیورسٹیز میں لیڈ کر رہی ہے۔ ترکیہ کی یونیورسٹی کیساتھ تعلیمی میدان میں تعلقات کی مزید بہتری کے خواہاں ہیں۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز استنبول کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر آنر گونر نے خواجہ سلمان رفیق کو خوش آمدید کہا۔ وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں زیرتعلیم ترکیہ کے طلبہ کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آخر میں ترکش یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز نے خواجہ سلمان رفیق کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ترکیہ کی یونیورسٹی کیساتھ تعلیمی تعلقات میںبہتری کے خواہاںہیں :سلمان رفیق
Aug 08, 2024