لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں کانگو کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت نے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیدیا ہے۔ گروپ میں شامل محکمہ صحت، لائیو سٹاک اور یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز کے ماہرین وائرس کی روک تھام کیلئے اپنی تجاویز پنجاب حکومت کو پیش کرینگے۔انہوں نے یہ بات پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ گلبرگ میں ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ساتویں اجلاس سے خطاب کرتے کہی۔ صوبائی وزیر صحت نے اجلاس میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، مظفرگڑھ، ڈی جی خان اور راجن پور کے اضلاع میں ڈینگی، کانگو، ہیضہ اور خسرہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوںنے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کہ وہ مویشیوں کی بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ اور ڈس انفیکشن کا عمل یقینی بنائیں۔ ڈینگی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام سیکرٹریز اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان خان، مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز اور وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے 9 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔
کانگو کی روک تھام کیلئے صوبے میں جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیدیا:عمران نذیر
Aug 08, 2024