اُمہ کو او آئی سی سے بڑی توقعات، اسرائیل کو جوابدہ بنانا ہو گا: اسحاق ڈار

Aug 08, 2024

جدہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جدہ میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل‘ الجزائر کے ہم منصب سے ملاقاتیں کی ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے او آئی سی کی کاوشوں کو سراہا۔ الجزائر کے وزیر خارجہ سے باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ملائیشیا کے ہم منصب سے بھی وزیر خارجہ ملے۔ مختلف شعبوں میں مضبوط تعان پر تبادلہ خیال کیا۔ ادھر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی وزرائے خارجہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی جنگ پورے خطے کو لپیٹ سکتی ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی نے اسماعیل ہانیہ کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی۔ غزہ میں گزشتہ 9 ماہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ اسماعیل ہانیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل غزہ میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں سکولوں‘ ہسپتالوں‘ امدادی قافلوں اور پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا۔ اسرائیل نے انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد بھی روک رکھی ہے۔ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ امت مسلمہ کو او آئی سی سے بہت ساری توقعات ہیں۔ دنیا کو اس وقت جنگ نہیں امن کی ضرورت ہے۔ اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ عالمی عدالت انصاف نے بھی اسرائیل کے خلاف فیصلہ دیا۔ غزہ تک امداد کی فراہمی کیلئے تمام راستے کھولے جائیں۔ اسرائیل کو اس کے مظالم کا جوابدہ بنانا ہو گا۔ عالمی امن ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

مزیدخبریں