عراق کے ساتھ پاکستانی زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے، کوٹہ بڑھانے ، خصوصی پروازوں پر اتفاق

  اسلام آباد (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ سے ملاقات کی جس میں عراق جانے والے پاکستانی زائرین سے داخلے پر پاسپورٹ نہ لینے، اربعین کے موقع پر ٹریول ایجنٹوں کی بجائے عراقی سفارتخانہ کی طرف سے خود زائرین کو ویزے جاری کرنے، اربعین کے کوٹے میں اضافے اور خصوصی پروازوں کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ رواں سال گزشتہ برس سے زیادہ ویزے جاری کئے جائیں گے، زائرین کی مزید سہولت کیلئے کراچی میں عراقی قونصلیٹ کو دوبارہ اوپن  کرنے کے لئے آج ہی تمام معاملات حل کرنے پر اتفاق ہوا۔ اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کیلئے  ویزا فیس ختم کرنے کیلئے وزیر داخلہ اپنے عراقی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے۔ ملاقات میں عراق میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔  وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ زائرین سے زائد فیس چارج کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔ ملاقات میں ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ پر ویزا کی چھوٹ کے معاہدہ کو جلد از جلد حتمی شکل دینے  پر اتفاق ہوا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہوائی سفر سے عراق جانے والے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کے فیصلے سے بہت سہولت ملے گی۔ عراقی سفیر نے کہا کہ پاکستانی زائرین کو دیگر ممالک کے مساوی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فوری طور پر وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ محمد آصف سے رابطہ کیا جس میں عراقی ائیر لائن کو آج سے ہی  خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دینے پر اتفاق ہوا۔ عراقی ائیر لائن کو آج ہی باضابطہ طور پر خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ پی آئی اے کی بھی خصوصی پروازیں عراق کے لئے چلائی جائیں گی۔ حتمی شیڈول کل تک جاری کر دیا جائے گا۔ دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کو عالمی معیار کی تفریحی  سہولیات فراہم کرنے کے لئے اسلام آباد میں  200 ایکڑپر محیط سب سے بڑے پہلے چڑیا گھر و سفاری پارک کی منظوری دیدی ہے۔ مجموعی طور پر5 ہزار جانور، پرندے چڑیا گھر و سفاری پارک میں رکھے جائیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں  چڑیا گھر وسفاری پارک کے قیام کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے چڑیا گھر و  سفاری پارک کے قیام کے پراجیکٹ کے حوالے سے  بریفنگ دی۔  اکتوبر میں چڑیا گھر و سفاری پارک کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن