اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے جعلی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلائو کی حوصلہ شکنی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کی جانچ پڑتال اور معلومات کی تصدیق کے کلچر کو فروغ دینا ہو گا۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیمرا محمد سلیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے میں رواداری، اتحاد اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ صحافت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی وجہ سے نئے چیلنجز درپیش ہیں۔ میڈیا رائے عامہ کی تشکیل میں ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل ہونا چاہئے۔ چیئرمین پیمرا نے صدر مملکت کو میڈیا منظرنامے کی ریگولیشن اور ترقی میں پیمرا کے کردار اور کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پیمرا نے صدر ِ مملکت کو پیمرا رپورٹ 2021-23 ء بھی پیش کی۔