پی ٹی آئی شیخ مجیب کو ہیرو مانتی، ایک مجسمہ گرنے پر اپنا ایمان بدل لیا: عطا تارڑ

Aug 08, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تو شیخ مجیب کو ہیرو مانتی تھی، ایک مجسمہ گرنے سے انہوں نے اپنا ایمان بدل لیا، کوئی سیاسی جماعت یا لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں، پارلیمان ایک بالا دست ادارہ ہے، اس کو قانون سازی کا اختیار ہے اور اس نے ایک رول کو قانون بنایا ہے، اس کو تقویت بخشی، جو قانونی سقم پیدا ہوا ہے اس کا حل ضروری ہے، قانونی معاملات میں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، جماعت اسلامی کے ساتھ خوش اسلوبی سے معاملات آگے بڑھے ہیں، بنگلہ دیش میں معاشی حالات کا مسئلہ نہیں تھا، تقسیم، نفرت اور کوٹہ سسٹم کا مسئلہ تھا، ہماری خواہش ہے بنگلہ دیش میں حالات معمول پر لوٹ آئیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ایکٹ پر بات ہونی چاہیے کہ یہ قانون کس نظریے سے بنایا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال کیانی نے قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا، سینٹ میں طلال چوہدری نے بل پیش کیا اور وہاں وہ کثرت رائے سے منظور ہوا اور قانون بن گیا۔ عطا تارڑ نے کہاکہ فلور کراسنگ کے حوالے سے آئین واضح ہے کہ یہ جائز نہیں ہے، فرض کریں کہ کوئی آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن) کا ایفیڈیوٹ جمع کرواتا ہے تو رولز یہ کہتے ہیں کہ 3 دن کے اندر پارٹی وابستگی ظاہر کرنی ہوتی ہے، حلف نامہ کسی دوسری پارٹی کا اگر دے دیا تو کیا وہ حلف نامہ ختم ہوسکتا ہے؟۔ آئین کے آرٹیکلز 51، 62، 63 اور 106 کو معطل کرنا پڑے گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کروانے کے لیے اور آئین کے کچھ آرٹیکلز کے سکوپ سے باہر بھی جانا پڑے گا۔ اگر ہم نے 15 خواتین اور 10 اقلیتوں کی لسٹ دی ہے وہ انتخاب سے پہلے لگنی ہوتی ہے شیڈول کے مطابق تاکہ ووٹر کو مطلع کرسکیں کہ انہیں ہم نے چنا ہے اور یہ ووٹر کے اوپر ہے کہ وہ اس چوائس کے مطابق ہمیں ووٹ دیتا ہے یا نہیں دیتا الیکشن میں۔ پاکستانی عوام اور حکومت بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم اس کو سراہتے ہیں کہ بنگلہ دیشی لوگوں نے مزاحمت کی، عزم اور حوصلہ دکھایا ہے، ہمارے ملک میں عمران خان نے شیخ مجیب کو ایک ہیرو کے طور پر دکھایا تھا، اپنا موازنہ شیخ مجیب سے کیا اور کہا کہ میرے ساتھ وہ ہورہا ہے جو اس کے ساتھ ہوا تھا، جیل سے بار بار شیخ مجیب کی بات کی۔ عمران خان کا عمل کچھ ہے، الفاظ کچھ۔ سیاست کریں مگر اسلام کو استعمال نہ کریں۔  اب بیرسٹر گوہر بتائیں کہ شیخ مجیب کے بیانیے میں گڑ بڑ ہوگئی ہے، اب بیانیہ یہ ہے۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ منافقت کی سیاست، غلط بیانی، فریب، مکر، جھوٹ یہ سب ملیں تو تحریک انصاف اور ان کا بانی چیئرمین بنتا ہے۔

مزیدخبریں