اسلام آباد (این این آئی+خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے۔ درختوں سے آب و ہوا صاف، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہو گا۔ قدرت نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں دن رات محنت سے قدرت کی عطا کردہ نعمتوں سے استفادہ کرنا ہے۔ شہباز شریف نے وزیراعظم ہائوس کے سبزہ زار میں پودا لگا کرشجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جون 2024 میں دو ارب 20 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں، اس سے نہ صرف پاکستان خوبصورت ہو گا بلکہ موسمیاتی تبدیلی جس نے پاکستان کو 2022 میں بری طرح نشانہ بنایا تھا اس کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، فضائی آلودگی میں کمی واقع ہو گی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہو گا۔ مون سون کا یہ موسم دلوں کو خوش کرنے والا موسم ہے جس میں ہر طرف مسکراہٹیں بکھرتی ہیں، برسات سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوتی ہے۔ یہ ہمارے اوپر ہے کہ ہم شبانہ روز محنت کر کے ان نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کریں، ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہو گا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ہمارا وژن ہے کہ ہر شخص کے پاس سمارٹ فون ، ہر گھر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ہر کاروبار میں کیو آر کوڈ کی سہولت ہو۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں جی ایس ایم ایسوسی ایشن ایشیا پیسفک کے سربراہ جولئین گورمین کی قیادت میں جی ایس ایم اے کے چار رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی کام سروسز کے فروغ کے حوالے سے جی ایس ایم اے کے کردار کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفد نے حکومت پاکستان کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے معاون خصوصی برائے توانائی محمد علی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مون سون کے دوران ملک بھر میں 10 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیںگے: وزیراعظم
Aug 08, 2024