سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اودھمپور میں بھارتی فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی شروع کی ہے۔بھارتی فوج نے ضلع کے علاقے خانید بسنت گڑھ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے جبکہ ضلع کپواڑہ میں ایک دھماکے میں 2 خواتین زخمی ہو گئی ہیں۔ ضلع کے علاقے گجرپتی میں بھارتی فوجی کیمپ کے قریب دھماکے میں ناہیدہ اختر اور افروزہ بیگم نامی دو خواتین زخمی ہو گئی ہیں ۔ بھارتی پولیس کے مطابق زخمی خواتین کو ہندواڑہ کے ایک ہسپتال منتقل کیاگیا ہے۔دوسری جانب بھارتی پولیس نے سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرتلاشی کارروائی کے دوران ایک امریکی شہری کو سیٹلائٹ فون رکھنے پرگرفتار کیا۔ہمہامہ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او محمد عادل ڈار نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کو سیٹلائٹ فون کے ساتھ پکڑا گیا۔بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیرکے مسلم تشخص کو مٹانے کی اپنی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر 45تعلیمی اداروں، سڑکوں اور ایک کھیل کے میدان کا نام تبدیل کرکے علاقے میں مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والے بھارتی فورسز اہلکاروں اور دیگرشخصیات کے ناموں پر رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ نئی دہلی کی مسلط کردہ قابض انتظامیہ نے ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس سلسلے میں فوری کارروائی کریں۔