لاہور‘راجن پور(نامہ نگار)سندر کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تھانہ چوہنگ میں تعینات اے ایس آئی نذیراحمد شہید ہو گیا ہے۔اے ایس آئی نذیراحمدنے سلطان کے گاؤں کے علاقے میں ریڈ کے دوران جرائم پیشہ عناصر کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا۔شہید اے ایس آئی نذیراحمد کا تعلق چھانگا مانگا‘ضلع قصورسے ہے۔ شہید کے پسماندگان میں ایک بیٹا، ایک بیٹی اور اہلیہ شامل ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے شہید اے ایس آئی نذیراحمد کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر، دیگر نے نماز جنازہ ادا کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے اے ایس آئی نذیر احمد شہید کے بیٹے محمد احمد اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہید اے ایس آئی نذیراحمد لاہور پولیس کا قیمتی سرمایہ اور بہادری و فرض شناسی کی روشن مثال ہیں۔لاہور راجن پور میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کے حملے میں ایلیٹ فورس کے 1 کانسٹیبل نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 2جوان زخمی ہوئے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ راجن پور تھانہ بنگلہ اچھا ، چوکی رونڈا موڑ پر ڈاکوؤں کی جانب سے چھپ کر فائرنگ کی گئی‘ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے پولیس کا ایک جوان کانسٹیبل حاجی محمد شہید، جبکہ اے ایس آئی محمد صدیق اور کانسٹیبل رفیق زخمی ہوئے۔ زخمی جوانوں کو شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان منتقل کر دیا گیا۔
لاہور: ڈاکوؤں کی فائرنگ، اے ایس آئی، راجن پور: چوکی پر حملہ، کانسٹیبل شہید
Aug 08, 2024