لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگٹ کو زیادہ وزن کے باعث پیرس اولمپکس کے فائنل سے ڈِس کوالیفائی کردیا گیا۔ ونیش پھوگٹ نے 50 کلوگرام ریسلنگ کیٹیگری میں فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، اب وہ زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے نااہل ہوگئی ہیں۔ انہوں نے وزن نیچے لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جس کیلئے خاتون ریسلر نے کھانا چھوڑا اور دوڑ بھی لگائی۔بھارتی حکام نے اولمپک کمیٹی سے مزید وقت بھی مانگا تھا لیکن ان کی یہ کوششیں رائیگاں گئیں۔ بھارتی کوچ نے انکشاف کیا کہ بدھ کی صبح ونیش پھوگٹ کا وزن صرف 150 گرام زیادہ پایا گیا، اگرچہ مارجن چھوٹا تھا لیکن قوانین استثنیٰ کی اجازت نہیں دیتے۔ ونیش پھوگٹ عام طور پر 53 کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لیتی ہیں لیکن پیرس اولمپکس کے لیے انہوں نے اپنا وزن کم کر کے 50 کلو تک کرلیا تھا۔ نا اہل قرار دیئے جانے پر ونیش پھوگاٹ بے ہوش ہوکر گرپڑی۔ وزن کم کرنے کیلئے مسلسل 24 گھنٹے ورزش کی تھی اور اس دوران پانی بھی نہیں پیا تھا۔ منگل کی رات وینش پھوگاٹ کا وزن 2 کلو گرام زیادہ تھا۔ اس نے پورا دن اور رات بھر جاگنگ اور ورزش کی تاکہ وزن کم ہو۔ ونیش پھوگاٹ نے رات بھی سائیکلنگ بھی کی۔مقابلے سے وزن کراتے وقت اْس کی حالت بہت خراب ہوچکی تھی۔ نا اہلی کے اعلان پر اس کی حالت بگڑگئی اور فوراً ہسپتال لے جانا پڑا۔ انڈین اولمپک ایسوسی ایشن نے پیرس کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے تصدیق کردی کہ وزن 150 گرام زیادہ ہونے کے باعث فائنل کیلئے نا اہل قرار دیدیا گیا ہے۔
بھارتی خاتون ریسلر زیادہ وزن کے باعث پیرس اولمپکس فائنل سے باہر
Aug 08, 2024