توہین الیکشن کمشن کیس، فواد چودھری کے خلاف سماعت 4 ستمبر تک ملتوی

لاہور+ اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشن کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین ہائی کورٹ میں مصروف ہیں، الیکشن کمشن نے 2 آرڈر کیے، دونوں اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج ہوئے۔ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی دے رہا ہوں، الیکشن کمشن نے چارج فریم کیا تھا، ہائی کورٹ نے اسے معطل کر دیا، بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے کیس میں ایک کیس کا فیصلہ دوسرے پر بھی لاگو ہو گا، بانی پی ٹی آئی کے کیس پر بھی چارج فریم کو ریویو کریں۔ سماعت کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ہم معافی تلافی والے لوگ ہیں، معذرت سے شروع کرنا چاہتا ہوں، میں ایک اور تحریری معذرت نامہ دینا چاہتا ہوں۔ ممبر کمشن نے کہا کہ آپ نے بھی نہیں سوچا تھا آگے کیا ہو گا، آپ معافی نامہ دے دیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آپ کی پوسٹ پر یہ سب چلتا ہے، کیپٹن صفدر نے کیا کیا نہ دیا۔ الیکشن کمشن نے کیس کی سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے 9 مئی کے دو مقدمات میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی عبوری ضمانت میں 10 اگست تک توسیع کر دی۔ عدالت نے عدم پیشی پر فواد چودھری کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

ای پیپر دی نیشن