لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے ڈی پی او گجرات کو 9اگست تک این اے 68 سے ایم این اے حاجی امتیاز احمدکو بازیاب کرکے پیش کرنے کی مہلت دیدی۔ عدالت نے ڈی جی اینٹی کرپشن کے رویے پر افسوس کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ معاملہ حساس ہے مغوی کی بازیابی چاہیے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا ہمارے پاس اسلحہ نہیں ہوتا۔ عدالت نے ڈی جی انٹی کرپشن کے جواب پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر لوگ کس طرح اعتماد کریں گے؟۔ آپ کے یہی معاملات ہیں تو ملزم کو آپ کی تحویل میں نہیں دینا چاہیے۔ عدالت نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ پولیس کے ایس او پیز کیا ہیں؟۔ آئی جی نے کہا کہ ہم نے ملزمان کی کیٹگری بنا رکھی ہے، ہم ریڈ کے لیے اینٹی کرپشن کو پولیس فراہم کر دیتے ہیں، ہم نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے جیوفنسنگ کے لیے پانچ نمبر بھجوائے ہیں، ہم تمام سکیورٹی اداروں سے مدد مانگ رہے ہیں، ہم نے نادرا اور ایف آئی اے کو بھی لکھا ہے، ہم سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھ رہے ہیں۔ عدالت نے کہا آپ چھ روز سے مغوی ٹریس نہیں کر سکے۔ آئی جی نے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی میں بھی رپورٹ جمع کرائی ہے، ڈی پی او گجرات کی نگرانی میں تفتیش ہو رہی ہے، ڈی پی او نے مغوی کی بازیابی کے لیے مہلت مانگی۔ عدالت نے کہا کیا میں پولیس والوں کو معطل کر دوں۔