شہر کی خوبصورتی کیلئے خصوصی شجرکاری مہم جاری ہے:ڈپٹی کمشنر ننکانہ 

Aug 08, 2024

ننکانہ صاحب( نامہ نگار) ننکانہ کی خوبصورتی میں اضافے اور عوام کو سر سبز ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی شجرکاری مہم جاری ہے۔ شجر کاری مہم کے تحت کھیاڑے کلاں انٹر چینج تا ننکانہ صاحب شہر تک سڑک کے دونوں اطراف میں 12 کلو میٹر کے رقبے پر گرین بیلٹس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر چوہدری ارشد نے بتایا کہ 31 لاکھ 68 ہزار روپے کی خطیر لاگت سے مجموعی طور پر 3960 پودے لگائے جائیں گے ، جن میں نیم، سْکھ چین، پلکھن اور بکائن کے درخت شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری خزانے کی بچت یقینی بناتے ہوئے عوامی فلاح کا یہ منصوبہ مکمل طور پر مخیر حضرات کے عطیات سے مکمل کیا جائے گا ، محکمہ جنگلات، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر محکمے منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے مربوط انداز میں فرائض سر انجام دیں گے۔

مزیدخبریں