صدر مملکت آصف علی زرداری نے نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجر طفیل محمد شہید کے 66 ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ قوم مادر وطن کے دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت میجر طفیل محمد شہید کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور جرات و بہادری کی مثال رقم کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے، پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ صدر آصف علی زرداری نے میجر طفیل محمد شہید کے بلندی درجات کیلئے بھی دعا کی