صدر آصف زرداری سے امام مسجد نبویﷺ ڈاکٹر صلاح بن محمد کی ملاقات, مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی ضرورت پر زور

Aug 08, 2024 | 22:30

ویب ڈیسک

صدر پاکستان آصف علی زرداری اور مسجد نبویﷺ کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد ایم البدیر کے درمیان ملاقات میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مسلم ممالک کے درمیان وسیع تر اتحاد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔جمعرات کو ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسجد نبویﷺ کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد ایم البدیر کا دورہ پاکستان پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی بہترین تعلقات ہیں۔صدر مملکت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے ثقافتی اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔سعودی عرب کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب ایک قریبی دوست ہے اور پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔امام مسجد نبویﷺ نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط شراکت داری ہے اور دونوں ممالک کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کی جانب سے شروع کی گئی اصلاحات سعودی عرب میں مزید ترقی اور خوشحالی لائیں گی۔صدر مملکت نے شہزادہ محمد بن سلمان کی جرات اور وژن کو سراہا جو سعودی عرب کے عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے اصلاحات کے عمل کی قیادت کر رہے ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امام مسجد نبویﷺ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ مسجد نبویﷺ کے امام نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

مزیدخبریں