کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں قائم جسٹس غلام ربانی اورجسٹس خلیل الرحمٰن رمدے پرمشتمل تین رکنی بینچ کررہا ہے۔ سماعت کے دوران والٹر پاورانٹرنیشنل اورپاکستان پاورریسورس کمپنی نے رینٹل پاورپروجیکٹس کے لئے وصول کی گئی پیشگی رقم سود سمیت واپس کرنے کی رسید سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔ والٹرپاور انٹرنیشنل کمپنی کے وکیل شاہد حامد اورپاکستان پاورریسورس کمپنی کے وکیل ڈاکٹرپرویزحسن نے عدالت کو بتایا کہ پیشگی لی گئی رقم محفوظ تھی جو اب واپس کردی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے دونوں سینیئروکلاء کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے قومی دولت کے تحفظ کے لئے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کے ہرشہری کو اسی طرح کی سوچ رکھنی چاہئیے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت چودہ دسمبرتک ملتوی کردی۔