وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق بدھ کووفاقی سیکرٹری خزانہ سلمان صدیق کی صدارت میں آرجی ایس ٹی بل کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں بل کے مسودے پرغور کیا گیا لیکن صوبائی اسمبلیوں میں پیش کئے جانے والے بل کا مسودہ فائنل نہ کیا جا سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس دفتری اوقات کے بعد بھی تین گھنٹے تک جاری رہا جس میں ڈرافٹ پرچاروں صوبوں کے نمائندوں نے بحث کی مگراتفاق نہ ہونے کی صورت میں اجلاس دوبارہ اکیس دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایسا ہی ایک اجلاس گزشتہ ہفتے بھی ناکامی کا شکار ہوچکا ہے۔