لاہور (خبرنگار خصوصی+ سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ ہوٹلوں، سرائے، بس سٹینڈ، ریلوے سٹیشن اور دیگر اہم مقامات کی مﺅثر نگرانی کی جائے اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ محرم الحرام کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر پانی و بجلی سے رابطہ کیا جائے، نامساعد حالات اور ناکافی سہولتوں کے باوجود پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور پاکستان کے نام کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز صوبائی دارالحکومت میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس اور ایوان وزیراعلیٰ میں ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں میں 68لاکھ روپے کے نقد انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں، محرم کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ لاہور میں کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی سو فیصد درستگی کو یقینی بنایا جائے، فلیگ مارچ کے علاوہ انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ریہرسل کا اہتمام بھی کیا جائے اور سینئر افسران جلوس کے روٹس کی خود نگرانی کریں۔ ماتمی جلوسوں کے مقررہ اوقات کی پابندی کی جائے اور جلوس ختم ہونے تک پولیس وہاں موجود رہے۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی نے معیشت کے ساتھ ساتھ ہماری کھیلوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے لیکن ہم انشاءاللہ پاکستان کے چہرے سے دہشت گردی کے داغ کو دھو کر اسے دوبارہ امن کا گہوارہ بنائیں گے اور کھیل کے میدانوں کی رونقیں بحال ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں خواتین کے لئے کرکٹ گراﺅنڈ تعمیر کرنے اور گرلز کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب میں ذوالفقار کھوسہ، تنویر الاسلام، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ‘ پی سی بی ویمن ونگ چیئرپرسن بشریٰ اعتزاز احسن، جاوید میانداد، انتخاب عالم، وسیم باری، ذاکر خان، سلطان رانا نے بھی میں شرکت کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کھیل کے میدان میں شاندار کامیابیوں سے بھری پڑی ہے ہم نے ہاکی‘ کرکٹ اور سکواش سمیت مختلف کھیلوں میں اپنا لوہا منوایا ہے، خواتین نے ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیت کر ہمیں امید کی کرن دکھائی ہے کہ اگر نامساعد حالات میں بھی ہمت سے کام لیا جائے تو اللہ ضرور مدد کرتا ہے۔ خواتین کرکٹ ٹیم کی فتح کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر ہم سب اسی جذبے سے کام لیں تو نہ صرف اپنی مشکلات پر قابو پا لیںگے بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی حاصل ہو گی۔ خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے لیکن دوسری جانب اس امر کا بھی جائزہ لینا ضروری ہے کہ سرکاری میڈیکل کالجز میں 70 فیصد خواتین جبکہ 30 فیصد لڑکے داخلہ لیتے ہیں اور حکومت کو ان کی تعلیم پر بھاری اخراجات اٹھانا پڑتے ہیں۔ میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد بیشتر لڑکیاں امور خانہ داری سنبھال لیتی ہیں جبکہ انہیں بھی دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے خواتین کے لئے علیحدہ کرکٹ گراﺅنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں اراضی کی نشاندہی کی جائے حکومت پنجاب اس کی تعمیر کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرلز کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لئے بھی ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے خواتین میں کرکٹ کے فروغ کے لئے خدمات پر بشریٰ اعتزاز احسن اور شیریں جاوید کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں دانش سکول سسٹم اتھارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ان سکولوں کے قیام سے نہ صرف غریب ترین طلبا و طالبات کو جدید و معیاری تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی بلکہ علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ دانش سکول حکومت پنجاب کے اس عزم کے آئینہ دار ہیں کہ قومی وسائل پر اشرافیہ کے ساتھ ساتھ ایک عام اور غریب آدمی کا بھی یکساں حق ہے۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق دانش سکول سسٹم اتھارٹی کو بھی سیاسی عمل دخل سے مکمل پاک رکھا گیا ہے اور تمام نظام کو میرٹ کی بنیاد پر استوار کیا گیا ہے، غریب آدمی کی فلاح و بہبود ہمارا منشور ہے اور ہم اپنے اس ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ بہاولپور ڈویژن میں پہلے مرحلے میں 3دانش سکول تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور ان کا افتتاح جنوری کے پہلے ہفتے میں کر دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پارٹی کے کارکنوں نے شہبازشریف سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پارٹی کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ اور دست و بازو ہیں۔ ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔