واشنگٹن(آئی این پی )امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسیاتھ تعلقات مشکلات کے باوجود دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہیگا جبکہ 2014 میں افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلا کے بعد علاقائی امن و استحکام اور مستقبل کیلئے پاکستان کا کردار اہم ہوگا۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے ڈپٹی ایڈوائزر برائے سٹرٹیجک کمیونیکیشن بن رہوڈز نے وائٹ ہاﺅس میں غیر ملکی صحافیوں کے گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں اتار چڑھاﺅ کا سلسلہ جاری اور مشکلات کا سامنا ضرور ہے تاہم انسداد دہشت گردی کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے کیساتھ بھرپور تعاون اور مشترکہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ہم 2014 کے بعد کے افغانستان کو دیکھتے ہیں تو پاکستان کا کردار اہم ہے اور ہماری خواہش ہے کہ علاقائی استحکام کی بنیاد پر تمام مسائل کے حل میں پاکستان شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ افغان مشن کی کامیابی کیلئے اتحادی افواج کو پاکستان کی مدد درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکہ کا مقصد القاعدہ کو شکست دینا ہے اور ہم اپنے اس مقصد کے حصول پر گامزن ہیں۔ پاکستان سمیت تمام علاقائی ممالک کو چاہئے کہ وہ اس سلسلے میں امریکی و اتحادی افواج کیساتھ تعاون کریں۔ ہمارے مشن میں کامیابی نہ صرف امریکی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے بلکہ پاکستان اور افغانستان سمیت تمام علاقائی ممالک کا بھی مشترکہ مفاد ہے۔ بن رہوڈز نے کہا کہ تمام علاقائی ممالک کی خودمختاری اور مفادات کا احترام ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اسی سمت میں گامزن ہیں۔ پاکستان کیساتھ تعلقات میں پیچیدگیاں رفتہ رفتہ ختم اور باہمی احترام کا رشتہ بحال ہورہا ہے۔ آج تعلقات ایک سال پہلے کی نسبت بہتری کی جانب گامزن ہیں۔