کراچی(نعیم اختر) پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت سے دلبرداشتہ ہوکر رائے ونڈ میں میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کرنے والی ابڑو قبیلے کی ممتاز شخصیت اوربینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما محمد اسلم ابڑو نے کہا ہے کہ شہید بھٹو اور بینظیر کی پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ہے نظریاتی اور پرانے پارٹی رہنماﺅں اورکارکنوں کو بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد نظر انداز کرکے کھڈے لائن لگادیا گیا 40سال تک پیپلز پارٹی کی خدمت کے باوجود موجودہ قیادت نے ہمیں دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال باہر کیا آج جیالے دربدر ہیں کوئی پرسان حال نہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے اسلم ابڑو نے کہا کہ ہمارے اورہمارے خاندان کی پیپلز پارٹی کیلئے خدمات کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہیں ہمیں شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ ہونے کی سزا دیکر نظرانداز کیا گیا جو المیے سے کم نہیں مفاہمت کی سیاست کے نام پر دوست دشمن کی تمیز ختم ہوچکی ہے بھٹو کی عوامی جماعت آج صرف پارلیمنٹ تک محدود ہوکر رہ گئی ہے آج کی پیپلز پارٹی کا رشتہ عوام سے ٹوٹ چکا ہے۔ ملک کی موجودہ ابتر صورتحال میں نواز شریف ہی وہ واحد شخصیت ہیں جو ملک کو بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں ۔ اسلم ابڑو نے کہا کہ پتہ ہونے کے باوجود5سال گزرگئے حکومت نے شہید بینظیر بھٹو کے قاتل تاحال گرفتار نہیں ہوئے جو حکومت اپنی قائد کے قاتل گرفتار نہ کرسکے اسے حکمرانی کرنے کا کوئی حق نہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) برسراقتدار آکرشہید بھٹو کے قاتلوں کو کٹہرے میں لاکر انہیں کیفر کردار تک پہنچائے گی۔
شہید بھٹو اوربینظیر کی پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ہے:اسلم ابڑو
Dec 08, 2012